گنجا بھکاری عمران سیریز |
Ganja Bhikari Imran Series By Mazhar Kaleem MA DOWNLOAD NOVEL |
#تعارفی_سلسلہ
#تعارف_نمبر_6
ناول: #گنجا_بھکاری
مصنف: #سر_مظہر_کلیم_ایم_اے
تعارف و تبصرہ:#بنت_رفیق
~~~~~~~~~~~
عمران سیریز کے ابتدائی ناولز میں جاسوسی، ایکشن، سسپنس اور تھرل کا عنصر بعد ازاں شائع شدہ تحاریر سے کچھ زیادہ ہی پایا جاتا ہے۔۔ وقت کے ساتھ ساتھ جہاں جدت آتی گئی اور ٹیکنالوجی کے استمعال کو مزید ڈيولپ کیا گیا وہیں پڑھنے والے ابتدائی سلسلوں کو بھی سراہتے رہیں گے جب عمران اور اس کے ساتھی مجرمان کی تلاش میں اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے تھے اور ایکسٹو بھی میدان میں اترتا تھا۔
گنجا بھکاری منفرد موضوع، مربوط پلاٹ اور شاطر مجرموں کی کارروائیوں کا احاطہ کرتی ہوئی تحریر ہے۔۔۔ مزید برآں کہانی میں روانی اور سنسنی خیزی کا پہلو بھی بدرجہ اتم پایا جاتا ہے۔۔ کردار نگاری کا تذکرہ کیا جائے تو مخالف کرداروں سے بھی خوب انصاف برتا گیا اور آخری حصے کے علاوہ ان کا پلڑا بھاری ہی دکھائی دیا۔۔ عمران كو مرکزی حیثیت حاصل ہونے کے علاوہ سیکرٹ سروس بھی فارم میں نظر آئی۔۔ جولیا، صفدر اور کیپٹن شکیل عمران کے ہمراہ مجرمان کی سرکوبی میں برابر کے شریک رہے۔
ناول کا آغاز کچھ يوں ہوا جب سلیمان عمران کو سوتے سے جگا کر سر عبدالرحمن کی موت کا بتاتا ہے۔۔اگرچہ اس صورتحال میں عمران کیسے مجرمان کے ٹریپ میں پھنسا اور سر عبدالرحمن کو موت کا شکار کرتے ہوئے کیا حقیقی مقصد حاصل کیا گیا یہ آگے چل کر الگ انداز میں سامنے آیا لیکن اس موقع پر بھی عمران اپنی بذلہ سنجی پر قابو نہ پا سکا۔
اسی طرح تسلسل کے ساتھ ملک میں بڑھتی ہوئی لا قانونیت اور دہشت گردانہ کارروائی کو موضوع تحریر لایا گیا جس کے تانے بانے گنجا بھکاری نامی بین الاقوامی مجرم کی جانب سے بنے گئے۔۔ اس پورے منظر نامے سے شروعات میں لاعلم عمران جب ایک بھکاری کو ہوٹل میں زبردستی اپنے ہمراہ لاتا ہے اور بعد میں اس بھکاری کو ایک گولی چاٹ جاتی ہے۔۔ بھکاری کے میک اپ میں ہونے کا عقدہ کھلتے ہی عمران سیکرٹ سروس سمیت تیزی سے حرکت میں آتا ہے۔۔ لیکن مجرم بھی برق رفتاری میں کسی طور پیچھے نہیں ہٹتے۔۔ یوں کہانی کچھ حد تک واضح ہوتی ہے۔
گنجے بھکاری کی جانب سے ملک بھر میں قتل و غارت گری، بینک میں موجود ملکی کرنسی کو جعلی کرنسی میں تبدیل کروا کر معیشت پر کاری وار لیکن حقیقتاً قومی سطح پر ایک سازش کو انجام دینا اور اتنی غیر یقینی صورتحال میں پیش آئے چند دلچسپ لمحات جب سوپر فیاض اور سلیمان کے درمیان ایک انوکھا رشتہ قائم ہوا۔۔
آگے چل کر عوامی دباؤ اور بحرانوں سے بیک وقت نبرد آزما حکومت ہنگامی میٹنگ کا انعقاد کرواتی ہے تو صدر مملکت اور ایکسٹو کے درمیان تلخ کلامی تک نوبت جا پہنچتی ہے۔۔ ایکسٹو کے روپ میں عمران فی الفور استعفیٰ دیتا ہے۔۔ ایسے سنگین لمحات میں یہ واقعہ کتنی اہميت رکھتا ہے اس کا اندازہ کہانی پڑھ کر بخوبی ہو جائے گا۔۔
گنجا بھکاری، کہانی کی ایک اور خاص بات آخر میں مجرم کا انجام بھی قرار دی جا سکتی ہے۔۔
حتی الامکان دشمنوں سے نرمی برتنے والے عمران نے مجرم کا آخر میں کیا حال کیا کہ اس کو مارا بھی نہیں اور سسک سسک کر زندہ رہنے پر مجبور کر دیا۔۔
اس سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ ملکی مفادات کے مخالف کسی بھی شخصیت یا گروہ کا انجام اسی طرح کا ہونا چاہیے۔
0 Comments